گورنر کی موجودگی میں فپواسا کے تحریری مطالبات مانتے ہوئے وزیر نے دستخط کئے
لاہور(پ ر)فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے وفد اور پنجان حکومت کے درمیان مظاہرے سے قبل ہی معاہدہ طے پا گیا ہے۔وزیر ہائر ایجوکیشن نے گورنر ہائوس میں وفد سے ملاقات کی۔فپواسا کے تحریری مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر ہائر ایجوکیشن نے ان پر گورنر کی موجودگی میں دستخط کئے۔معاہدے کے بعد فپواسا نے آج 30 جولائی کو پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونے والا احتجاج نہ کیا۔معاہدے کے بعد فپواسا قیادت نے درج ذیل مراسلہ یونیورسٹی اساتذہ کے نام جاری کیا ہے۔
معزز اساتذہ کرام
فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشنز کے پرچم تلے اساتذہ کے حقوق اور یونیورسٹیوں کی خود مختاری کےلئے آپ نے جس تحریک کا آغاز کیا ہے، الحمد للہ اس کے مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔
آج فپواسا کے نو رکنی وفد نے پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری کی قیادت میں عزت مآب چانسلر وگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم راجہ یاسر ھمایوں سے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کے دوسرے ارکان میں ڈاکٹر محمد عامر مقصود، جنرل سیکرٹری فپواسا پنجاب، جناب جاوید سمیع، جنرل سیکرٹری اے ایس اے پنجاب یونیورسٹی، ڈاکٹرمقیت جاوید، نائب صدر اے ایس اے پنجاب یونیورسٹی، ڈاکٹر فہیم گوہر، صدر ٹیچنگ ایسوسی ایشن ، یو ای ٹی لاہور، ڈاکٹر عبد الستار ملک، صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، ڈاکٹر عاطف شہباز ، صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور، ڈاکٹر حمود الرحمان، صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ، اوکاڑہ یونیورسٹی اور ڈاکٹر ساجد اقبال شامل ہیں۔
وفد نے عزت مآب چانسلر کو یونیورسٹیوں اور اساتذہ کو درپیش مسائل مطالبات کی شکل میں پیش کئے۔ دو گھنٹے طویل ملاقات میں تمام مسائل پر تفصیل سے گفتگو ہوئی اور مطالبات کو من وعن تسلیم کرلیا گیا۔ جناب وزیر تعلیم پنجاب نے اساتذہ کے تمام تحریری مطالبات کو منظور کرتے ہوئے دستخط ثبت کئے۔
میں بطور صدر فپواسا آپ کو یکجہتی، اتحاد، تسلسل اور پُرعزم تحریک پر ھدیہ تبریک پیش کرتا ہوں۔ میں میڈیا، سول سوسائٹی ، کالج اساتذہ، طلبہ اور وکلاء کا بھی شکر گزار ہوں۔ مجھے امید ہے کہ حکومت پنجاب اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گی اور پنجاب کی تمام جامعات کے نظم و نسق کو اساتذہ کے مطالبات کی روشنی میں چلایا جائے گا۔ تمام اساتذہ تنظیمات مطالبات پر حکومتی اقدامات کو گہری نظر سے دیکھنے کے عمل کو جاری رکھیں گی۔ انشاء اللہ
اللہ آپ کا حامی وناصر ہو۔
پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری
صدر، فپواسا پنجاب
صدر- اے ایس اے، پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن