آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے زیر اثر حکومت کی نیولبرل معاشی پالیسیوں کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر ملازمتی امور پر ہونے والے متوقع اثرات کے پیش نظرسرکاری ملازمین کے ایسے اتحاد کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی جو حقیقی نمائندہ تنظیموں پر مشتمل ہو اور جو سرمایہ دار حکومتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کے گٹھ جوڑ کو سمجھتے ہوئے درست سمت میں مزاحمت کو منظم کرتے ہوئے سرکاری اور دیگر ملازمین کے ساتھ ساتھ غریب عوام کے استحصال کے سامنے بھی بند باندھ سکے۔اس سلسلے میں اتحاد اساتذہ کے سینئر رہنمائوں نے پہل قدمی کرتے ہوئے مختلف صوبائی محکموں کی ایسوسی ایشنز اور ٹرید یونینز سے رابطہ کیا۔جس کے نتیجے میں گورنمنٹ دیال سنگھ کالج میں سرکاری ملازمین کی مختلف ایسوسی ایشنز اور ٹریڈ یونینز کا ایک ابتدائی سطح کا پہلا مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس کی میزبانی پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی اور اتحاد اساتذہ کے رہنمائوں نے کی۔جن میں پروفیسر عارف،حافظ عبدالخالق ندیم،پروفیسر غلام مصطفی اور حسن رشید شامل ہیں۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن،گورنمنٹ انجینئرز ایسوسی ایشن، ایپکا، پنجاب ٹیچرز یونین اور واپڈا سے ریڈ ورکرز فرنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔ عالمی مالیاتی اداروں کے ایماء پر حکومت کی سرکاری ملازمین کے خلاف مالیاتی استحصالی پالیسیوں سے نمٹنے اور ان کے خلاف جدوجہد کرنے کے لئے اجلاس میں تجویز کیا گیا کہ 1-سرکاری اداروں کی نجکاری روکنے اور تعلیم اور صحت کے پرائیویٹ اداروں کو نیشنلائز کروانے کے لئے تحریک چلائی جائے۔2-ملازمین کی کنٹریکٹ پر بھرتی کے خلاف اور اس پالیسی کے متاثرین کے ازالے کے لئے جدوجہد کی جائے۔3-یونیفائیڈ گریڈ سسٹم کو بعض محکموں کے ملازمین کے الائونسز میں بے تحاشا اضافہ کرکے مذاق بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔اس کو اصل روح کے مطابق بحال کروانے کے لئے تحریک چلائی جائے۔ فیصلہ کیا گیا کہ پندرہ دن بعد اجلاس دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔جس میں دیگر محکموں کی ٹریڈ یونینز کو بھی شمولیت کی دعوت دی جائے گی۔اس دوران موجودہ اجلاس میں شامل محکموں کے ملازمین نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس اتحاد کا نام اور مندرجہ بالا تجاویز کی روشنی میں اتحاد کے مقاصد اور جدوجہد کا لائحہ عمل طے کرے گی۔کمیٹی میں پی پی ایل کی نمائندگی پروفیسر غلام مصطفیٰ کریں گے۔ان کے علاوہ اس کمیٹی میں ڈاکٹر فرحان،شہزاد منور،قاسم علی،اللہ رکھا،یونس بھٹی،مقصود ہمدانی،عدیل زیدی اور پروفیسر ذوالفقار(کامرس ونگ کالجز) شامل ہیں۔