تمام سازشوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں،ذمہ داروں کو سزا دلوائی جائے،اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن
لاہور(دنیا نیوز،خصوصی رپورٹ)جی سی یونیورسٹی لاہور کےوائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کو خط کے ذریعے جان سے مار دینے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔متن کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ ہم سکیورٹی گارڈز کے پاس اسلحہ ہوتا ہے جو ہم آپ پر باآسانی استعمال کرسکتے ہیں۔یونیورسٹی کے ذرائع نے یہ بھی پتہ چلالیا ہے کہ خط یونیورسٹی کے سکیورٹی آفس میں ٹائپ کرکے پوسٹ کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق کچھ سکیورٹی گارڈز اور سٹاف کے ارکان کی فرائض سے غفلت کی شکایات یونیورسٹی انتظامیہ کو مل مل رہی تھیں۔جس پر نئے ڈائریکٹر سکیورٹی نے سخت اقدامات اٹھائے تھے۔مبینہ طور پر ان اقدامات کو روکنے کے لئے یہ قدم اٹھایا گیا۔سکیورٹی انچارج اور دیگر کو معطل کرکے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن جی سی یو نے اس واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اپنے ہر دلعزیز وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی صاحب پر حملے اور قتل کی دھمکیوں پر مشتمل خط لکھنے والے ذمہ داران کو قرار واقعی سزائیں دلوانے کا مطالبہ کرتی ہے، اُمیدِ واثق ہے کہ اِس تمام صورت حال کے پیچھے وہ کرپٹ عناصر ہیں جو جی سی یونیورسٹی میں ہر قسم کے احتسابی عمل کو روکنا چاہتے ہیں۔ اے ایس اے جی سی یو تمام فیکلٹی ممبرز کی طرف سے نہ صرف اس قسم کی سازشوں کی پُرزور مذمت کرتی ہے، بلکہ محترم وائس چانسلر صاحب کو ان کرپٹ عناصر کے خلاف جدو جہد میں اپنی بھرپور حمایت کا یقین بھی دلواتی ہے۔