کالج کو بچانے کے لئے گورڈن کالج کے طلباء اور اساتذہ سڑکوں پر آگئے۔ حکومت کے اقدام کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ یہ عہد کیا گیا کہ وہ کسی بھی صورت اپنی مادر علمی کو تجارتی اور کاروباری مرکز نہیں بننے دیں۔ گورڈن کالج کے اساتذہ اور طلباء اور دیگر کالج اساتذہ کمیونٹی کو خدشہ ہے کہ ہائر ایجوکیشن حکام ایک عدالتی فیصلے کو بہانہ بنا کر کالج کا انتظام ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور کی انتظامیہ کے حوالے کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔حالانکہ ابھی کالج انتظامیہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں کی جانے والی اپیل فیصلے کی منتظر ہے۔مظاہرے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ کسی صورت بھی راولپنڈی شہر کے اہم ترین کالج کو پرائویٹائز نہیں ہونے دیں گے۔ یہ کالج غریب طلباء کے لئے جائے امان کا درجہ رکھتا ہے۔ جہاں چند ہزار میں اعلی تعلیم مل جاتی ہے۔ جبکہ نجکاری کے بعد فیس کی ادائیگی لاکھوں میں پہنچ جائے گی۔